کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم "مائیکل" نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریلیز کے 12 ہفتوں بعد 1 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 1.001 ارب ڈالرز کا بزنس کیا، جس میں 629.8 ملین ڈالرز بیرونِ ملک جبکہ 371.8 ملین ڈالرز شمالی امریکا سے حاصل ہوئے۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ "مائیکل" عالمی باکس آفس پر 1 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے والی دنیا کی پہلی بایوپک بن گئی ہے۔اپریل 2026ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے آغاز ہی سے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ افتتاحی ویک اینڈ پر فلم نے امریکا میں 97 ملین ڈالرز جبکہ عالمی سطح پر 217 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جو میوزیکل بایوپک کیٹیگری میں ایک نیا ریکارڈ قرار دیا گیا۔فلم نے حقیقی شخصیت پر بننے والی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز بھی حاصل کر لیا اور اوپن ہیمر کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
اس کے علاوہ "مائیکل" اسٹوڈیو Lionsgate کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے اور اسٹوڈیو کی پہلی فلم بھی ہے جس نے عالمی باکس آفس پر 1 ارب ڈالرز کا سنگِ میل عبور کیا۔فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے حقیقی بھتیجے Jaafar Jackson نے ادا کیا ہے۔ فلم میں مائیکل جیکسن کے بچپن سے لے کر "کنگ آف پاپ" بننے تک کے غیرمعمولی سفر کو پیش کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق Lionsgate مائیکل جیکسن کی زندگی پر ایک اور فلم بنانے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔