امریکی پاپ کے بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم ’مائیکل‘ کا پہلا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے اور سوشل میڈیا و فلمی حلقوں میں زبردست موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
ٹریلر کو دیکھنے کے بعد مداحوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ بایوپک پاپ کنگ کے کیریئر اور زندگی کے مختلف ادوار کو شاندار انداز میں پیش کرے گی۔ فلم 14 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔فلم سازوں کا کہنا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن کی زندگی کے اہم ادوار کو یکجا کیا گیا ہے، جن میں ان کا موسیقی کا سفر، شہرت کے بلندیوں تک پہنچنے کی کہانی، اور پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش مشکلات شامل ہیں۔ تاہم اس بایوپک میں ان تنازعات اور الزامات کو مرکزی حصہ نہیں بنایا گیا جو ان کے گرد برسوں تک رہے، بلکہ زیادہ توجہ ان کی فنکارانہ جدوجہد اور کیریئر کے نشیب و فراز پر رکھی گئی ہے۔فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے حقیقی بھتیجے جیفر جیکسن نے ادا کیا ہے، جو اپنی پہلی بڑی فلم میں یہ کردار نبھائیں گے۔
ٹریلر میں جیفر جیکسن کو گانے، رقص کرنے اور مائیکل جیکسن کے مشہور مون واک اسٹائل میں حرکت کرتے دکھایا گیا ہے۔ ان کی آواز اور رقص کی درستگی نے بہت سے ناظرین کو متاثر کیا، تاہم کچھ افراد نے کہا کہ میک اپ کے ذریعے انہیں مرحوم گلوکار سے مزید مشابہ بنایا جا سکتا تھا۔ٹریلر میں کم عمر مائیکل جیکسن کو پروڈیوسر کی ہدایات پر گاتے اور پرفارم کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔ مختصر دورانیے کے باوجود یہ فلم ان کے منفرد ڈانس مووز، اسٹیج پر توانائی اور فنکارانہ مہارت کی جھلک پیش کرتی ہے۔ مجموعی طور پر، ٹریلر نے مداحوں کے تجسس کو بڑھا دیا ہے اور سب کی نظریں اب اپریل میں فلم کی ریلیز پر مرکوز ہیں۔