الزامات مسترد ، پولیس کا شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان
لاہور (کرائم رپورٹر) ماڈل ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی، اسقاط حمل اور ہلاکت کے کیس میں پولیس نے گھر کی مالکن، اس کے شوہر اور بیٹے کو شاملِ تفتیش کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں افراد نے اپنے بیانات میں الزامات کی تردید کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ متاثرہ لڑکی کی طبیعت خراب ہونے پر انسانیت کی بنیاد پر اسے علاج کے لیے فیصل آباد منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والدین نے خود علاج کے لیے کلینک کا انتخاب کیا تھا، جبکہ گھر کی مالکن نے بیان دیا کہ انہوں نے متاثرہ خاندان کی مالی مدد بھی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک و دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی حتمی نتیجے پر تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی پہنچا جائے گا۔