مالکن نوشین فرخ اور فرخ بٹ نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ سونیا پر تشدد کیا،وزیراعلی نے رپورٹ طلب کر لی
لاہور(کرائم رپورٹر)ہنجروال کے علاقے اتفاق ٹائون میں مالکن کے مبینہ تشدد سے 10 سالہ گھریلو ملازمہ سونیا جاں بحق ہوگئی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی بتایا گیا ہے کہ مالکن نوشین فرخ اور فرخ بٹ نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ سونیا پر تشدد کیا، تشدد کے بعد گھریلو ملازمہ کو مالکان ہسپتال بھی نہ لے کر گئے ایف آئی آر کے مطابق اہل خانہ کو فون پر بتایا کہ بچی کے بازو پر معمولی چوٹ آئی ہے۔بچی کے والدین نے اپنے ایک رشتہ دار کو مالکن نوشین کے گھر بھجوایا، اس نے گھر میں آکر دیکھا تو نوشین مالکن اور اس کا خاوند فرخ بٹ بچی پر ڈنڈوں کے ساتھ تشدد کر رہے ہیں، جب بچی کے والدین عارف والا سے لاہور پہنچے تو سونیا فرش پر مردہ حالت میں پڑی تھی۔بچی کی والدہ رابعہ نے کہا کہ گھر میں کام ٹھیک نہ کرنے پر میری بیٹی کو مالکن نوشین اور اس کے خاوند فرخ بٹ نے ناحق قتل کیامیری بچی کو تشدد کرنے کے بعد ہسپتال نہیں لے کر گئے جس سے اس کی موت واقعہ ہو گئی، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس نے مالکن نوشین اور اس کے خاوند فرخ بٹ پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہنجروال میں تشدد سے کمسن ملازمہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔