موک ایکسرسائزز، پولیس کے ہنگامی ردعمل کا عملی جائزہ

 سول لائنز اور سٹی ڈویڑن میں مشترکہ مشقیں، تیاری مزید مؤثر بنانے کا عزم
 لاہور (کرائم رپورٹر) امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے سول لائنز اور سٹی ڈویڑن پولیس کی جانب سے الگ الگ مقامات پر موک ایکسرسائزز کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق سول لائنز ڈویڑن میں ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ کی زیر نگرانی پنجاب اسمبلی ہال میں ہنگامی مشقیں کی گئیں، جن میں قلعہ گجر سنگھ پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے حصہ لیا اور فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب سٹی ڈویڑن میں ایس پی سٹی عاطف امیر کی نگرانی میں نیو منسٹر بلاک اسلام پورہ میں موک ایکسرسائز منعقد ہوئی، جس میں سٹی پولیس، ایس پی یو، پی آر یو، ڈولفن فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر اداروں نے شرکت کی۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی اور ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا کہ ایسی مشقوں کا مقصد پولیس ریسپانس، اداروں کے باہمی تعاون اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی تیاری کو مزید بہتر بنانا ہے۔