کاراکاس: وینزویلا کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ 24 جون کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1,719 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ تقریباً 5,000 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 12 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ لاپتا افراد کی حتمی تعداد تاحال جاری نہیں کی گئی۔نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران وینزویلا میں اقوام متحدہ کے نمائندے گیانلوکا رامپولا نے بتایا کہ گزشتہ سات افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کے خدشے کے پیش نظر اقوام متحدہ اور وینزویلا کے حکام نے 10 ہزار باڈی بیگز کی خریداری پر اتفاق کیا ہے۔حکام کے مطابق زلزلے سے ملک کی سات ریاستیں متاثر ہوئی ہیں، تاہم لا گوئیرا ریاست اور دارالحکومت کاراکاس میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ زلزلے کے باعث تقریباً 2,500 عمارتیں متاثر ہوئیں، جن میں سے بیشتر مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔