افغانستان میں 6 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جاں بحق افراد کی تعداد 1400 تک پہنچ گئی، جب کہ ہزاروں شہری متاثر ہوئے ہیں۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق زلزلے سے ہزاروں خاندان متاثر اور بے گھر ہو گئے ہیں۔ افغان ہلال احمر نے بتایا کہ آفت میں اب تک 3 ہزار 251 افراد زخمی جبکہ 8 ہزار سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔افغان سرکاری میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا، جس کی گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جب کہ تقریباً 20 منٹ بعد اسی علاقے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔حکام کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں افغانستان کی سب سے ہلاکت خیز قدرتی آفات میں سے ایک ہے، جس نے مقامی آبادی کو شدید متاثر کیا ہے۔