وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2,295 ہو گئی ہے۔
وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر خورخے روڈریگیز کے مطابق زلزلے میں زخمی اور لاپتا افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے، جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 68 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے (یو این ایچ سی آر) کے مطابق دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع شہر لا گوائرا، جو زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔ شہر میں بنیادی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ مواصلاتی نظام بھی تقریباً مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
دوسری جانب زلزلے کے بعد وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں غروبِ آفتاب کے وقت آسمان گہرے سرخ رنگ میں نظر آیا، جس نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس منظر کا زلزلے سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا ہے۔