لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے ماس ٹرانزٹ منصوبوں سمیت صوبے میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ دونوں منصوبوں سے متعلق تفصیلی پراگریس رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں اس وقت چلنے والی 400 بسوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ مختلف اضلاع کے لیے نئی 189 الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ان بسوں کے آن لائن افتتاح کا عندیہ بھی دیا۔بریفنگ کے مطابق مزید 488 الیکٹرک بسیں 20 جولائی کو چین کی بندرگاہ سے پنجاب روانہ کی جائیں گی، تاکہ مختلف اضلاع میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت کو مزید وسعت دی جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کوٹ ادو، تلہ گنگ اور تونسہ شریف میں بھی جلد الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی ہدایت کی، جبکہ وہاڑی اور لودھراں میں بھی بس سروس کے آغاز کا حکم دیا۔
انہوں نے وہاڑی، لودھراں اور ننکانہ صاحب میں الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں 15 سے کم بسیں موجود ہیں وہاں کم از کم 15 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں۔اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کے 19.5 کلومیٹر طویل روٹ پر ایک مزید اسٹیشن شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے بعد منصوبے میں اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی تعمیر کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔