اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں خواتین کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے خصوصی پنک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
منصوبے کے تحت خواتین کے لیے مخصوص 30 پنک کلر الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی، جو چین سے درآمد کی جائیں گی۔حکام کے مطابق یہ اقدام وزیر داخلہ کے وژن کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خواتین اور طالبات کو پبلک ٹرانسپورٹ میں درپیش مشکلات کم کرنا اور انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔سی ڈی اے کی جانب سے نئی بسوں کی درآمد کے لیے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ ونگ کو بورڈ کی منظوری کے لیے سمری تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
پنک بسوں کی خریداری کے لیے بورڈ سے منظوری لی جائے گی
حکام کا کہنا ہے کہ پنک بس سروس کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پہلے سی ڈی اے بورڈ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ منظوری ملنے کے بعد بسوں کی درآمد کے حوالے سے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا تاکہ خریداری اور درآمد کے مراحل کو آگے بڑھایا جاسکے۔منصوبے کے تحت چین سے 30 الیکٹرک بسیں درآمد کی جائیں گی، جنہیں خصوصی طور پر خواتین کے لیے مختص کیا جائے گا۔
موجودہ روٹس پر پنک بسیں چلانے کی تجویز
سی ڈی اے حکام کے مطابق نئی پنک بسیں ابتدائی طور پر اسلام آباد کی موجودہ الیکٹرک بس سروس کے روٹس پر چلائی جائیں گی، تاہم مسافروں کی تعداد اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ رش کے اوقات میں خواتین اور طالبات کو بسوں میں جگہ نہ ملنے کی شکایات سامنے آتی ہیں، جس کے باعث الگ پنک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سروس سے خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں
واضح رہے کہ اسلام آباد میں اس وقت 160 سے زائد الیکٹرک بسیں 20 سے زیادہ روٹس پر شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق موجودہ بس سروس کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر سستی سفری سہولت سے مستفید ہوتے ہیں۔