پنجاب میں فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت بسوں کے 3560 ٹرپ مکمل ہونے کے پیش نظر، وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 21 روٹس پر سوا لاکھ مسافر فری ٹرانسپورٹ سے استفادہ کر چکے ہیں۔الیکٹرو بسیں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ میں فراہم کی جائیں گی۔ رواں ماہ 100، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخر تک 264 الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں الیکٹرو بسوں کے لیے خصوصی بس ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل لیول پر 1500 الیکٹریک بسیں چلانے کا پلان طلب کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ، گجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی اسکیم پر بھی کام جاری ہے، جس کے تحت مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیز کا اجرا متوقع ہے۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے میٹرو بس اسٹیشن کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے اور نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ ’’ایمپاور-ہر‘‘ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں جدید ترین بس اسٹیشن کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔