لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹروبس سروس کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر انہوں نے اگست کے آخر تک پنجاب بھر میں 1100 الیکٹروبسیں فعال کرنے اور آئندہ پانچ برسوں میں صوبے میں 5 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا۔افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ پہلے مرحلے میں پانچ اضلاع کے 10 مختلف روٹس پر 51 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ جولائی کے آخر تک پنجاب کے مزید 9 اضلاع میں 101 نئی الیکٹروبسیں بھی سروس کا حصہ بن جائیں گی۔بریفنگ کے مطابق لیہ میں جنرل بس اسٹینڈ سے پہاڑ پور اور تحصیل اسپتال، چنیوٹ میں تحصیل چوک سے بھوانہ اور لالیاں، اوکاڑہ میں ساہیوال بائی پاس سے کے ایف سی بائی پاس اور جنرل بس اسٹینڈ سے شیر گڑھ، سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ سے ڈسکہ اور پسرور، جبکہ مری میں جنرل بس اسٹینڈ سے کوٹلی ستیاں اور 17 میل تک الیکٹروبس سروس چلائی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز الیکٹروبس اسٹینڈز کی تعمیر، بحالی اور دیکھ بھال کی خود نگرانی کریں، جبکہ ضلعی انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا جا رہا ہے اور الیکٹروبس منصوبہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں عوام میں بے حد مقبول ہوا ہے۔ ان کے مطابق دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے شہری بھی جدید، ماحول دوست اور ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے 24 اضلاع میں 500 الیکٹروبسیں چل رہی ہیں، جبکہ 15 اگست تک مزید بسیں صوبے میں پہنچ جائیں گی اور اگست کے اختتام تک 1100 الیکٹروبسیں فعال ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید 1500 بسیں بھی شامل کی جائیں گی، جس کے بعد مجموعی تعداد تقریباً 3000 ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف آئندہ پانچ برسوں میں پنجاب بھر میں کم از کم 5 ہزار الیکٹروبسیں چلانا ہے۔ تقریباً 200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا عوامی ٹرانسپورٹ منصوبہ ہوگا۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہری الیکٹروبسوں میں مفت سفر کر رہے ہیں، جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال میں بھی جولائی کے آخر تک الیکٹروبس سروس شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکٹروبسوں پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں ہر ہفتے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے یہ منصوبہ پنجاب اور پاکستان کے سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹمز میں شامل ہو چکا ہے۔