مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے سمیت اہم فیصلے

 مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے سمیت اہم فیصلے

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس میں عوامی سہولت، مہنگائی کنٹرول اور صفائی سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے 17 اضلاع میں فری پبلک ٹرانسپورٹ سروس شروع کی جائے گی، جبکہ گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ کے پائلٹ پراجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ ٹرانسپورٹ کرایوں پر آئل قیمتوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے 24 گھنٹوں میں جامع رپورٹ طلب کی گئی۔اشیائے خورونوش کے نرخوں پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23 اشیاء شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی ریٹس کا ازسرنو جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور نوٹیفائیڈ نرخ سے زائد قیمت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔اجلاس میں پنجاب بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو گلی محلوں میں جوہڑوں اور تالابوں کا سروے کرنے کا حکم دیا گیا، روزانہ تصاویر اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

مزید برآں ہر یونین کونسل میں جوہڑ محفوظ بنانے، شجرکاری، کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام، زیبرا کراسنگ اور سٹریٹ لائٹس کی بہتری پر بھی زور دیا گیا۔ بیوٹی فیکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹس جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دو ہفتوں کی ڈیڈ لائن دی گئی اور "ستھرا پنجاب" مہم کے تحت قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا گیا۔صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے "بیٹ سسٹم" نافذ کرنے اور اے آئی کمپلینٹ ہیلپ لائن کے لیے "ستھرا پنجاب ہیرو" متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔