راولپنڈی: ٹینچ بھاٹہ میں ڈسپنسری گراؤنڈ کے قریب واقع مہربان مارکیٹ کے لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 25 سے زائد کھوکھوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث متعدد کھوکھے اور ان میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ آگ کے بلند شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف ہوگئے، جبکہ ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کے لیے کولنگ کا عمل جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔