ویب ڈیسک: مری کے جنگل میں لگنے والی آگ پر سات گھنٹوں کی محنت کے بعد قابو پا لیا گیا، لیکن اس دوران لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی لکڑی جل کر خاکستر ہو گئی۔
آگ کے شعلے میلوں دور سے دکھائی دیتے رہے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔آگ کو بجھانے کے لیے محکمہ جنگلات اور ریسکیو کی ٹیموں نے بھرپور کارروائی کی۔ آتشزدگی کے واقعات فارسٹ رینج گھوڑا گلی پی پی ون، فارسٹ رینج کمیٹی اور فارسٹ رینج ساملی جنگل میں پیش آئے، جہاں آگ کی شدت انتہائی زیادہ تھی۔
آگ کے مقام تک سڑک کی رسائی نہ ہونے کے باعث ریسکیو کی گاڑیوں کو امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مری کے جنگل میں مختلف مقامات پر گزشتہ روز آگ لگ گئی تھی جس نے علاقے کو شدید نقصان پہنچایا۔یہ واقعہ نہ صرف ماحولیاتی نقصان کا باعث بنا بلکہ جنگلات کی قیمتی لکڑی کا بھی نقصان ہوا ہے، جس کی بازیابی میں مزید چیلنجز کا سامنا ہے۔