وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع ہفتہ وار سستا بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 335 دکانیں اور اسٹالز جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ ٹیموں نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ اچانک لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی، جس نے بازار کے متعدد حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ابتدائی طور پر 70 سے زائد دکانوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات تھیں، تاہم بعد ازاں نقصان میں نمایاں اضافہ سامنے آیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے راولپنڈی سے اضافی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی طلب کی گئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی آپریشن میں شریک رہیں۔حکام کے مطابق مجموعی طور پر 9 سیکشنز متاثر ہوئے جن میں سے 7 پر قابو پا لیا گیا، جبکہ آگ پر تقریباً 80 فیصد تک کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم کپڑوں اور دیگر اشیاء کے ہزاروں اسٹالز مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔دوسری جانب تاجروں نے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بروقت موقع پر نہیں پہنچ سکیں، جس سے نقصان میں اضافہ ہوا۔بازار کے صدر نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض حادثہ نہیں بلکہ سازش بھی ہو سکتی ہے، جس کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔