سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی سندھ کی تحصیل اوباڑو کے لنڈا بازار میں ایک بار پھر خریداری کی رونقیں لوٹ آئیں ہیں۔
یہ بازار خاص طور پر سردی کے موسم میں گرم ملبوسات، جوتے، جیکٹس، جرسیاں، اور دیگر سردی سے بچاؤ کے سامان کے لیے شہرت رکھتا ہے۔مقامی بازاروں میں گرم کپڑوں کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے بازاروں میں لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ شہری بڑی تعداد میں جیکٹس، سویٹر، ٹوپیاں، موزے اور کمبل جیسے گرم ملبوسات مناسب قیمتوں پر خرید رہے ہیں۔بازار میں دکانداروں نے خواتین، مردوں اور بچوں کے لیے مختلف اقسام کے گرم کپڑوں کی اسٹالیں سجا رکھی ہیں، جہاں خریدار اپنی ضرورت کے مطابق سامان خرید رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہوتے ہی خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے کاروبار میں بھی بہتری آئی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر گرم ملبوسات کی طلب میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ لوگ سردی سے بچاؤ کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں، اور بازاروں میں خریداری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔