لاہور کے ایوانِ عدل سول کورٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
آگ عمارت کی پانچویں منزل پر بھڑکی، جہاں موجود عدالتی دستاویزات اور قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق آگ ریکارڈ سیکشن اور عدالتی کمروں کے قریب لگی، جس کے باعث کئی اہم کیس فائلز اور سرکاری ریکارڈ تباہ ہو گئے۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ 13 ستمبر کو لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں بھی اسی نوعیت کا بڑا آتشزدگی واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ہزاروں عدالتی فائلیں جل کر تباہ ہو گئی تھیں۔ اُس وقت بھی آگ ریکارڈ روم میں لگی تھی اور دو کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔
قانونی ماہرین اور شہری حلقوں نے ایک ماہ کے اندر عدالتوں میں پیش آنے والے دو آتشزدگی واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات عدالتی عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر عدالتی عمارتوں میں جدید فائر الارم سسٹم اور ایمرجنسی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات انصاف کے نظام اور عدالتی ریکارڈ کو نقصان نہ پہنچائیں۔