پاکستان کو سیاسی نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے :احسن اقبال

لاہور(خصوصی رپورٹر )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے  پاکستان کو موجودہ حالات میں سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ "اقتصادی لانگ مارچ" کی ضرورت ہے کیونکہ معیشت مضبوط کیے بغیر سفارتی و دفاعی کامیابیوں کو دیرپا نہیں بنایا جاسکتا ہے۔لاہور میں ہیلتھ ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک شدید معاشی بحران کا شکار تھا تاہم حکومت کے دانشمندانہ فیصلوں اور مشکل اقدامات کے باعث پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکال لیا گیا ہے، انکا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور اسی کے ساتھ معاشی اشارے بھی بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان نے سفارتی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ دفاعی محاذ پر بھی دشمن کو موثر جواب دیا گیا ہے، انہوں نے تیل کی قیمتوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہتی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں خطرناک حد تک بڑھ جاتیں جس کا براہ راست اثر عام شہری پر پڑتا۔