ٹرانسپورٹ چین مکمل کرنے کیلئے سڑکوں، جدید سرحدی سہولیات، ریل فریٹ، ڈرائی پورٹس اور بندرگاہوں کو موثر انداز میں جوڑنا ہوگا
علاقائی توانائی تعاون کے ذریعے مشترکہ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں:اقتصادی تعاون کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے علاقائی راہداریوں کو اگلی نسل کے اقتصادی کوریڈورز میں تبدیل کرنا ہوگا۔احسن اقبال نے 25ویں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کئیریک کیپیٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ فورم اور آسیان کیپیٹل مارکیٹس فورم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد کئیریک اور آسیان ممالک کے درمیان کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون اور روابط کو فروغ دینا ہے۔احسن اقبال نے کہا پاکستان 2027 میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور 26ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کئیریک کوریڈورز 5 اور 6 کے ذریعے وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کا خواہاں ہے، اب سوال ٹرک کے گزرنے کا نہیں، کاروبار کے لیے راستے کو قابلِ اعتماد اور منافع بخش بنانے کا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ علاقائی راہداریوں کو اگلی نسل کے اقتصادی کوریڈورز میں تبدیل کرنا ہوگا، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ڈیجیٹل رابطوں، توانائی اور قدرتی آفات سے تحفظ کا ایک مربوط نظام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ چین مکمل کرنے کے لیے سڑکوں، جدید سرحدی سہولیات، ریل فریٹ، ڈرائی پورٹس اور بندرگاہوں کو موثر انداز میں جوڑنا ہوگا، تورخم اور چمن بارڈر جدید سرحدی سہولیات علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا اسٹریٹجک مقامات پر لاجسٹکس اور پیداواری مراکز قائم کرکے ٹرانزٹ ٹریفک کو برآمدات اور روزگار میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، کولڈ اسٹوریج، پیکیجنگ، گودام اور ہلکی صنعتیں کوریڈور کے ساتھ مقامی معیشت کو فروغ دے سکتی ہیں