پاکستان چین کی اقتصادی اور اصلاحاتی کامیابیوں سے سیکھنے کا خواہاں ہے، دیرپا اور پائیدار ترقی کیلئے چین کی سائنسی منصوبہ بندی مشعل راہ ہے
پاکستان کی معیشت کے تمام اشاریئے مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور عالمی ادارے اس کی تصدیق کر رہے ہیں:وفاقی وزیر منصوبہ بندی
بیجنگ(آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے پاکستان اور چین کا مضبوط اقتصادی تعاون قومی ترقی کی کنجی ہے، سی پیک نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو سیاسی تعاون سے آگے بڑھا کر معاشی و سماجی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے چین کے ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹر(ڈی آرسی) اور سنٹر فار انٹرنیشنل نالج آن ڈیولپمنٹ (سی آئی کے ڈی) کے صدر لو ہا نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر احسن اقبال نے کہا پاکستان چین کی اقتصادی اور اصلاحاتی کامیابیوں سے سیکھنے کا خواہاں ہے، اور دیرپا اور پائیدار ترقی کے لیے چین کی سائنسی منصوبہ بندی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام سے ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہو رہی ہے اور اس کا ہدف پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے تمام اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور عالمی ادارے اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پالیسی ریٹ 23 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ چکا ہے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 140,000 پوائنٹس سے تجاوز کر چکی ہے۔احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ چین سالانہ تقریبا 2 ٹریلین ڈالر کی درآمدات کرتا ہے، لیکن پاکستان کا ان میں حصہ انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور چینی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا ہمارا اہم معاشی ہدف ہے۔