پانی پاکستان کی بقاء کا معاملہ ہے ‘جو ہاتھ ڈالے گا کاٹ دیں گے عطاء تارڑ‘مصدق ملک

سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا ، بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس کی قانونی حیثیت مسلمہ ہے‘مودی پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں،   پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کریگا
 پاکستان میں پہلی مرتبہ سندھ طاس معاہدے بارے بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے،   دنیا بھر سے آبی وسائل کے ماہرین شریک ہیں ،پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملی ہے: وزیر اطلاعات  اور وزیر موسمیاتی تبدیلی کی مشترکہ پریس کانفرنس 
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے کہا ہے  سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا موقف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور بین الاقوامی برادری نے اس معاہدے کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے موقف کو مزید تقویت بخشی ہے،مودی پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گا،پانی پاکستان کی بقا کا معاملہ، کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پانی پر ہاتھ ڈالے گا تو ہاتھ کاٹ دیں گے ۔ان خیالات کااظہاروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ  اور  وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک  نے پیر کو  اسلام آباد میں مشترکہ  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا  عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس کی قانونی حیثیت مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پانی پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے، اس لیے قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے آبی وسائل کے ماہرین شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیمینار کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملی ہے بلکہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے بیانیے کو بھی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اٹھایا گیا ہے اور پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر چکا ہے، جبکہ ملک کی معیشت اور لاکھوں افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے، جس کا انحصار پانی پر ہے۔