بارشی پانی نہ نکل سکا، شہری گھروں میں محصور

مون سون کی پہلی ہلکی بارش نے واسا لاہور کی تیاریوں کا پول کھول دیا،تاجپورہ کی گلیاں سوئمنگ پولز مین تبدیل 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں مون سون کی پہلی ہی ہلکی بارش نے واسا لاہور کی تیاریوں کا پول کھول دیا۔تاجپورہ کے علاقے میں صرف ساٹھ ملی میٹر بارش نے گلیوں اور پارکوں کو ندی نالوں اور سوئمنگ پولز میں بدل ڈالا۔بارش کا پانی بروقت نہ نکل سکا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کی اربن فلڈنگ سے نمٹنے کی تیاریاں صرف کاغذوں تک محدود رہیں۔تاجپورہ ہی نہیں، لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کے بعد مختلف مناظر دیکھنے میں آئے۔ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاجپورہ میں 59 ملی میٹر، نشتر ٹا ئون میں 15، اپرمال میں 3 جبکہ مغلپورہ میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر شروع ہونے والے بارش کے سپیل میں اوسطاً 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر واسا لاہور کو الرٹ کر دیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ تمام ڈسپوزل سٹیشنز پر جنریٹرز کو سٹینڈ بائی رکھنے، سکرینیں صاف رکھنے اور تمام ٹا ئون ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں