لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب بھر میں شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر، صوبائی کابینہ نے پنجاب کے 50 شہروں میں سیوریج اوربارشی/ طوفانی پانی کے نکاسی کی سہولیات کے فزیبلٹی سٹڈی اور ڈیزائن کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کی مالیت 1100 ملین روپے ہے۔ 19ویں کابینہ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا کہ کابینہ کے منظور کردہ اس منصوبے میں ہر شہر کی مخصوص ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سٹڈیز اور سروے کیے جائیں گے۔ منصوبے کے اہم اجزاء میں تفصیلی ٹوپوگرافک اور جی آئی ایس میپنگ سروے، جیوتکنیکی اور ماحولیاتی اثرات کے جائزے، موسمیاتی خطرات کی حساسیت کے مطالعات، فزیبلٹی سٹڈیز، تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائنز اور لاگت کا تخمینہ شامل ہیں۔ مزید برآں منصوبے میں آپریشنز اور دیکھ بھال کے لیے ایک فریم ورک بھی شامل ہوگا۔