پشاور: سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، خودکش حملہ آور اور ہینڈلر ہلاک

پشاور: سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، خودکش حملہ آور اور ہینڈلر ہلاک

پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں خودکش حملہ آور اور اس کا ہینڈلر مارا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔ ملزمان پشاور میں ایک حساس تنصیب پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران مارا گیا خودکش حملہ آور منیر نامی شخص تھا، جو خوست، افغانستان سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ہینڈلر کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کیے گئے اسلحہ و بارود میں:

خودکش جیکٹ
دستی بم
خودکار اسلحہ
گولیاں اور ڈیٹونیٹرز شامل ہیں۔
واقعے کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، اور شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔