بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 2 خاتون خودکش حملہ آوروں سمیت ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع مستونگ میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک میں امن و امان کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان اور "عزمِ استحکام" کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری قوت کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔