گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث لاہور میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ سورج نکلنے کے باوجود گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ ہلکی ہلکی ٹھنڈی ہواؤں نے فضا کی گھٹن میں واضح بہتری پیدا کر دی ہے۔
شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 25 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 5 جولائی تک جاری رہنے والی ممکنہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق:
اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کمراٹ ویلی میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
چاروں صوبوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ جیسے ساحلی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی بھی شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ انسانی جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔