ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث شہر کا مطلع دھندلا اور حدِ نگاہ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 420 سے تجاوز کر گیا ہے، اور مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 600 سے 768 کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو سانس لینے، آنکھوں میں جلن اور گلے کی خراش کی شکایات ہو رہی ہیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔کراچی دنیا کے آلودہ شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں فضائی آلودہ ذرات کی مقدار 163 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، اور ہوا مضرِ صحت قرار دی گئی ہے۔ شہر میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، رات کو ہلکی خنکی کا امکان ہے، اور تیز رفتار ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ درجہ حرارت 25°C ہے، اور زیادہ سے زیادہ 34-36°C تک رہنے کی توقع ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج دن کے وقت موسم خشک اور قدرے خوشگوار رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29°C رہنے کا اندازہ ہے۔ رات کے وقت سردی بھی محسوس کی جا سکتی ہے، اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دیگر شہروں میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر خیبرپختونخوا، مری، گلیات، اور ملحقہ علاقوں میں صبح و شام سردی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔ملک کے دیگر حصوں میں بھی موسم خشک ہے، اور بعض علاقوں مثلاً پنجاب، بلوچستان، کشمیر، اور گلگت بلتستان میں سردی کی شدت برقرار رہتی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مگر جنوبی اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔ سموگ اور دھند کا سلسلہ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان اور گردونواح میں جاری رہنے کا امکان ہے۔