لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 اور کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے اور 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔دوسری جانب کراچی میں موسم گرم ہے، جہاں صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔کراچی میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکولیٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے بارشیں برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے تحت 18 سے 20 مارچ تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔