لاہور میں موسم خوشگوار، پنجاب بھر میں 15 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی

لاہور میں موسم خوشگوار، پنجاب بھر میں 15 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی

لاہور: رات گئے چلنے والی ہواؤں کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ درجہ حرارت میں تبدیلی کے ساتھ شہریوں کو گرمی کی شدت میں کمی محسوس ہونے لگی۔

 محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 15 اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 15 اکتوبر تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث موسم میں مزید تبدیلی آسکتی ہے۔بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی اور موسم مزید خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو گرمی سے ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ بارش کے باعث روزمرہ معمولات اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 154 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 12ویں نمبر پر آگیا۔فضائی آلودگی میں کمی کے باوجود شہر کی ہوا کا معیار اب بھی صحت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے، خصوصاً حساس افراد، بچوں، بزرگوں اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد کے لیے۔ شہریوں کو موسم اور فضائی آلودگی سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارشوں اور مغربی ہواؤں کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے۔