نیتن یاہو کو جانے دیں، انہیں بڑے کام کرنے ہیں،امریکی صد رکا سوشل میڈیا پر بیان
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر کرپشن سکینڈل کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے اور عدالتی کارروائی کو خوفناک قرار دیدیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہاکہ اسرائیل میں جو نیتن یاہو کے ساتھ جو کیا جارہا ہے وہ خوف ناک ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم سارا دن عدالت کے کمرے میں گزارے اور وہ بھی ایک ایسی چیز پرجسکا وجود نہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے حماس کے ساتھ ڈیل کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ایسے نازک وقت میں ان پر عدالتی کارروائی ڈیل کے عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو وزیراعظم ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے خلاف امریکا کے ساتھ مل کر بڑی کامیابیاں حاصل کر چکا ہو، کیا وہ سارا دن عدالت کے کمرے میں گزارے گا؟۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا ہر سال اسرائیل پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، جو دنیا کے کسی بھی ملک پر خرچ کی جانے والی رقم سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے واشنگٹن اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف اس عدالتی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔