بچے میری ریڈ لائن ہیں، چائلڈ لیبر ہرگز برداشت نہیں: مریم نواز

 ایسا پنجاب دیکھنا چاہتی  ہوں جہاں ہر بچہ مزدوری نہیں بلکہ تعلیم حاصل کرے : جبری مشقت کے انسداد کے عالمی دن  پر  پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  بچے میری ریڈ لائن ہیں، چائلڈ لیبر ہرگز برداشت نہیں۔بچوں سے جبری مشقت کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کے لیے ایک المناک حقیقت ہیں جو معاشرے کے باشعور افراد کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں نہ کہ اوزار یا اینٹیں۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کم سنی میں تعلیم کے بجائے مشقت اٹھانے پر مجبور بچے ہر مہذب معاشرے کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں، اگر ہم اپنے معصوم بچوں کا بچپن محفوظ نہ بنا سکے تو آنے والے کل میں ہمارا معاشرہ مفید شہریوں سے محروم رہ جائے گا۔انہوں نے چائلڈ لیبر کو محض ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ نسلوں کے مستقبل کا سنگین سوال قرار دیا۔