خطے میں مشکل حالات میں پاک امریکا تعاون بامعنی رہا‘ نئی انتظامیہ کے آنے جانے سے ملکوں کے بنیادی معاملات تبدیل نہیں ہوتے
آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور کا انٹرویو
نیویارک (آئی ا ین پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ دورہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ سے جامع ملاقاتیں ہوئیں‘خطے میں مشکل حالات میں پاک امریکا تعاون بامعنی رہا ہے‘امریکا پر واضح کردیا دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘ نئی انتظامیہ کے آنے جانے سے ملکوں کے بنیادی معاملات تبدیل نہیں ہوتے۔ ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں طارق فاطمی نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ہماری ملاقاتیں جامع اور دوستانہ رہیں، خطے میں مشکل حالات میں پاک امریکا تعاون بامعنی رہا۔انہوں نے کہا کہ نئی انتظامیہ کے آنے جانے سے ملکوں کے بنیادی معاملات تبدیل نہیں ہوتے، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہترین معاشی تعاون ہو، آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی صدر کے اہم بیانات سامنے آچکے ہیں، ہم نے بھی امریکا کو واضح کردیا کہ دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔طارق فاطمی نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان نے امریکا کو مطلوب اہم دہشت گرد پکڑ کر دیا، دہشت گرد امریکا کے حوالے کرنے کے پاکستانی اقدام کو امریکی صدر نے سراہا، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔