پیپلز پارٹی عوامی مفاد اور صوبائی خودمختاری کے تحفظ کی جنگ آخری حد تک لڑے گی،صدرپی پی جنوبی پنجاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے ایک سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاق سندھ کے حصے کا پینے کا پانی زبردستی چھیننے کی کوشش کرتا ہے تو یہ اقدام نہ صرف آئینی حدود کی خلاف ورزی ہوگا بل کہ سندھ کے کروڑوں عوام کے بنیادی انسانی حق پر کھلا حملہ تصور کیا جائے گا، جس کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور سیاسی اور عوامی مزاحمت کرے گی۔یہ بات انہوں نے پارٹی کے چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین کے ہمراہ جاری کردہ مشترکہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام دہائیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے آئے ہیں اور پارٹی نے ہر مشکل وقت میں اْن کے حقوق کا بے خوفی سے دفاع کیا ہے۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ سندھ کے پانی، وسائل اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ وفاق اگر طاقت کے بل پر کسی صوبے کے حق پر ڈاکا ڈالے گا، تو پیپلز پارٹی اسے سیاسی میدان میں بے نقاب کرے گی۔ہماری تاریخ جدوجہد، قربانی، اور عوامی حقوق کے تحفظ سے بھری پڑی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام وفاقی اکائیاں باہمی احترام اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے ترقی کریں، لیکن اگر کسی ایک صوبے کو دانستہ طور پر پسماندہ رکھا گیا، اْس کا پانی بند کیا گیا یا اْس کے ساتھ زیادتی کی گئی، تو پاکستان پیپلز پارٹی سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک، ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔