7اکتوبر حملے کے ماسٹر مائنڈ محمد عیسٰی العیسی کو صابرہ میں شہید کیا گیا، عیسٰی العیسی حماس کے جنگجو ونگ کے سپورٹ ہیڈ کوارٹر کے سربراہ تھے
اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے کمانڈر عباس الحسن وہبی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ ،نیتن یاہو کیخلاف مظاہرہ
غزہ، تل ابیب، بیروت،نیویارک (آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی بمباری سے حماس کے بانی رہنما محمد عیسٰی العیسی شہید ہوگئے، اسرائیل کی کئی مقامات پر بمباری سے 72نہتے فلسطینی بھی جاں بحق ہوئے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 7اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ حماس لیڈر محمد عیسٰی العیسی کو صابرہ میں شہید کیا گیا، العیسی کو حماس کے بانیوں میں شمار کیا جاتا تھا،عیسٰی العیسی جنگجو ونگ کے سپورٹ ہیڈ کوارٹر کے سربراہ تھے۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 72 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو گئے، جنین میں ملبے سے 29بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے پناہ گزین کیمپوں، سکولوں اور گھروں کو نشانہ بنایا، غزہ شہر میں جافا سکول کے قریب اسرائیلی حملے میں 5 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ شہر کے ایک سٹیڈیم کے قریب حملے میں بچوں سمیت کم از کم 11 افراد شہید ہو گئے، المواسی کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ بلاک اور ایک خیمے پر حملوں میں چودہ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔غزہ میں وزارت صحت کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 412 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 56 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے محرونا میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر عباس الحسن وہبی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، عباس الحسن حزب اللہ کی رضوان فورس بٹالین کے انٹیلی جنس چیف تھے۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی کی گئی اور اسرائیلی ڈرون حملے میں دو لبنانی شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔دوسری جانب اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا۔تل ابیب میں ہزاروں مظاہرین نے غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر حکومت پر کڑی تنقید کی۔اس موقع پر مظاہرین نے وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت سے غزہ جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔