غزہ پر صیہونی بمباری سے مزید 60 فلسطینی شہید : حماس کے حملے میں کئی اسرائیلی مارے گئے

مشرقی غزہ میں ٹینکوں سے گولہ باری جاری رہی، خان یونس اور المواصی میں پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری ،یرغمال فوجی لاپتا 
غزہ(آئی این پی )اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری سے مزید 60 فلسطینی شہید ہو گئے ، اسرائیلی بمباری کے دوران یرغمالی اسرائیلی نژاد امریکی فوجی لاپتاہو گیا۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی مشرقی غزہ میں ٹینکوں سے گولہ باری جاری رہی، خان یونس اور المواصی میں پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے دوران یرغمالی اسرائیلی نژاد امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر لاپتہ ہوگیا۔ دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے بھی اسرائیلی فوج کیخلاف جوابی حملے کیے جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے ، حماس نے اسرائیلی فوج کے ٹینک اور ملٹری بلڈوزرکو بھی تباہ کر دیا جبکہ شمالی غزہ میں اسرائیلی ڈرون تباہ ہو گیا۔ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے باعث مسیحیوں کو ان کے مقدس مقام پر جانے سے روک دیا گیا۔