پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے 7 اگست کو ملک گیر پہیہ جام احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف عوامی آواز بلند کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔مسلم ٹاؤن میں پی پی 169 کے رہنما احمد سلمان بلوچ کی زیرِ صدارت یونین کونسل 216 میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں طیب اعجاز، سرور اصلاحی، اعجاز اعوان، تنویر اعوان، قاری سلیم، احسن خالد اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ 7 اگست کو پی پی 169 کے ہر محلے، بازار اور اہم شاہراہ پر احتجاجی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن میں عام شہری، طلبہ، تاجر، مزدور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے، جس کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے پرامن اور جمہوری انداز میں احتجاج کا حق استعمال کرے گی اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کرتے ہوئے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے مہنگائی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔