لاہور میں جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کرنا بے حسی اور ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیوی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی نہیں کی جا رہی، جبکہ حکمران اپنی شاہ خرچیوں میں بھی کمی لانے کو تیار نہیں۔ ان کے بقول مڈل کلاس اور غریب طبقے کو مسلسل قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ آج شروع ہونے والے جماعت اسلامی کے دو روزہ مرکزی شوریٰ اجلاس میں مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت عوامی مسائل کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی تحریک شروع کرنے کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔