جماعت اسلامی کا احتجاج، پٹرولیم لیوی ٹیکس فوری ختم کرنے کا مطالبہ، دھرنا چودھویں روز بھی جاری

جماعت اسلامی کا احتجاج، پٹرولیم لیوی ٹیکس فوری ختم کرنے کا مطالبہ، دھرنا چودھویں روز بھی جاری

مال روڈ چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا چودھویں روز بھی جاری ہے۔

اس دوران دھرنے میں گزشتہ دنوں کے مقابلے میں کارکنان کی تعداد کم دیکھی گئی ہے اور احتجاجی سرگرمیاں بھی محدود ہو گئی ہیں۔  دھرنے کے سبب فیصل چوک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے نتیجے میں شہر کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سروس روڈ سے متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی آمدورفت جاری رہ سکے۔  جماعت اسلامی کے کارکنان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مطالبات کی منظوری تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے، گیس، روٹی اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔  اس کے علاوہ، جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے، اور بجلی کے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے ریلیف مل سکے۔

 دوسری جانب، شہریوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور روزمرہ کی آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی اور بجلی کے بھاری بل عوام کے لیے بہت بڑا مسئلہ ہیں۔  عوامی حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے مطالبات جائز ہیں تو حکومت کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے بات چیت کر کے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔