وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
انتظامیہ، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب پروگرام، ہیلتھ کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق مریدکے، شیخوپورہ، حکیم پورہ، فیروزوالہ، پٹھان کالونی اور دیگر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات اور قائم کیے گئے امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کشتیوں اور موٹر بوٹس کی مدد سے پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے اور انہیں بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔امدادی کیمپوں میں متاثرین کو ادویات، پینے کا صاف پانی، خوراک اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کے لیے حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا باقاعدگی سے مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی غذائی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں میں خشک دودھ، بسکٹ، منرل واٹر اور دیگر ضروری اشیائے خور و نوش بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔
کئی متاثرین نے حکومت کی جانب سے گھر کی دہلیز تک تین وقت کے کھانے اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی شعیب مرزا بھی مختلف سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔ وہ امدادی کارروائیوں، متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور متعلقہ حکام کو امدادی کام مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کر رہے ہیں۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔