بھارتی اداکار سلمان خان نے بھارت کی ریاست آسام میں شدید سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے مبینہ طور پر کئی مراحل پر مشتمل امدادی مہم شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے اپنی فلاحی تنظیم 'بینگ ہیومن' کے ذریعے آسام کے سلمان خان فین کلب (SKFC) سے رابطہ کیا اور متاثرین تک امداد پہنچانے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ تیار کیا۔پہلے مرحلے میں سیواساگر کے متاثرہ علاقوں میں تیار کھانے کے پیکٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو گوہاٹی سے روانہ کیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ہر پیکٹ میں بسکٹ، گڑ، پوہا، مُرّی، ڈبل روٹی، چیز اور جیم شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی کم از کم تین دن کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔امدادی مہم کے تحت خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز، مچھروں سے بچاؤ کے لیے کوائلز، پینے کا صاف پانی اور پانی صاف کرنے والی گولیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دوسرے مرحلے میں آئندہ ہفتے متاثرہ خاندانوں میں راشن کٹس اور ادویات تقسیم کی جائیں گی، جبکہ آخری مرحلے میں سیلاب سے متاثرہ اسکولوں اور اسپتالوں کی بحالی میں بھی معاونت متوقع ہے۔واضح رہے کہ ان امدادی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاعات بھارتی میڈیا کے حوالے سے سامنے آئی ہیں، جبکہ سلمان خان یا 'بینگ ہیومن' کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔ اس دوران سلمان خان اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔