پنجاب پولیس کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری، لاکھوں متاثرین و مویشی محفوظ مقامات پر منتقل

پنجاب پولیس کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری، لاکھوں متاثرین و مویشی محفوظ مقامات پر منتقل

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں طغیانی اور سیلابی صورتِ حال کے باعث پنجاب پولیس کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

 پولیس کے جوان شہریوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں اور ان کے مویشیوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اب تک پنجاب پولیس تمام متاثرہ اضلاع سے 2 لاکھ 22 ہزار 751 متاثرین کا انخلا یقینی بنا چکی ہے۔ ان میں 89 ہزار سے زائد مرد، 65 ہزار 416 خواتین اور 68 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، شہریوں کے ساتھ ساتھ 2 لاکھ 97 ہزار 770 مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکالا گیا ہے تاکہ کسانوں اور دیہی عوام کے معاشی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ صرف لاہور سے ہی 6 ہزار سے زائد شہریوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

پنجاب پولیس کی ریلیف سرگرمیوں میں 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس حصہ لے رہے ہیں۔ پولیس اہلکار متاثرین کی بحفاظت نقل مکانی کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں اور مویشیوں کے انخلا میں بھی شریک ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ مزید بڑھائی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔