شاد باغ میں خاتون سے نازیبا حرکت، ملزم فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں پکڑا گیا

شاد باغ میں خاتون سے نازیبا حرکت، ملزم فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں پکڑا گیا

لاہور کے علاقے شاد باغ میں گھر کی دہلیز پر کھڑی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر فحش حرکت کرنے والا ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 پولیس کے مطابق ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، جو فرار ہونے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی گئی۔ فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزم کو خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوتے دیکھا گیا، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کی۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کو تلاش کیا تو وہ موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔ایس پی سٹی نے بتایا کہ شاد باغ پولیس نے ناکے پر ملزم کو روکنے کی کوشش کی، تاہم اس نے رکنے کے بجائے موٹر سائیکل کی رفتار تیز کر دی۔ فرار کی کوشش کے دوران ملزم بے قابو ہو کر پل سے گر گیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عثمان مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جس کے بازو پر چوٹ آئی۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق سی سی ٹی وی شواہد سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مقدمے کی تفتیش مکمل کی جا سکے۔