شاد باغ کے علاقے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 15 پر موصول ہونے والی کال کے فورا بعد گھروں میں گھس کر چوریاں کرنے والے 2 متحرک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق، ملزمان منظم طریقے سے وارداتیں انجام دیتے تھے اور مالِ مسروقہ لے کر فرار ہو جاتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے چوری شدہ گھریلو سامان، اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق، گرفتار ملزمان نے 8 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان جیب تراشی میں بھی مہارت رکھتے تھے اور مختلف جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او زاہد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی انجام دی اور ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ہونے والوں میں فیاض عرف موٹا اور پرویز عرف مستری شامل ہیں، جن کے خلاف مختلف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاد باغ پولیس کی بروقت کارروائی پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ پولیس کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جاری رکھنا ہے تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔