ثاقب چدھڑ نے رابطے کی بارہا کوشش کی: عروبہ مرزا نے اسکرین شاٹس شیئر کر دیے

ثاقب چدھڑ نے رابطے کی بارہا کوشش کی: عروبہ مرزا نے اسکرین شاٹس شیئر کر دیے

پاکستانی اداکارہ عروبہ مرزا نے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے منسوب مبینہ انسٹاگرام پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیاستدان نے ان سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔

عروبہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر مبینہ اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن میں ان کے بقول گفتگو شروع کرنے اور اسنیپ چیٹ پر بات جاری رکھنے کی درخواستیں شامل ہیں۔اسکرین شاٹس کے ساتھ اداکارہ نے لکھا، "مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ اور اب میں بھی۔"عروبہ مرزا کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی ایک اور تنازع کے باعث خبروں میں ہیں، جس میں ان پر اداکارہ اور میزبان سیدہ طوبیٰ کو بطور تحفہ آئی فون دینے کی مبینہ پیشکش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔دوسری جانب اداکارہ مومنہ اقبال بھی ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہیں۔ مومنہ اقبال کی درخواست کے مطابق انہوں نے رکنِ اسمبلی پر سائبر اسٹاکنگ، ہراسانی، بلیک میلنگ اور شادی کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔یہ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج ہے، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔

مومنہ اقبال متعدد مواقع پر کہہ چکی ہیں کہ وہ انصاف چاہتی ہیں اور عدالت سے باہر کسی بھی سمجھوتے کی خبروں کی تردید کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق فرانزک شواہد نے تحقیقات کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ مقدمہ تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔عروبہ مرزا کی جانب سے مبینہ پیغامات شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث میں مزید شدت آ گئی ہے۔ تاہم عروبہ مرزا، مومنہ اقبال اور سیدہ طوبیٰ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پر متعلقہ قانونی کارروائی جاری ہے اور ان پر عدالت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، جبکہ ثاقب چدھڑ کا مؤقف بھی اس خبر میں شامل نہیں ہے۔