اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے مبینہ ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایت پر رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں اداکارہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ سمیرا خان اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ اور مبینہ طور پر غیر قانونی نگرانی (سرویلنس) کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ اور ان کے اہل خانہ کو مختلف طریقوں سے دھمکیاں بھی دی گئیں۔مؤقف کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مومنہ اقبال نے مبینہ طور پر ثاقب چدھڑ کی ذاتی زندگی سے متعلق معلومات سامنے آنے کے بعد شادی سے انکار کیا، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر نجی ویڈیوز کے ذریعے دباؤ میں لانے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ایف آئی آر میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2023 میں ان کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ایک ذاتی رشتہ ختم کروانے کی کوشش کی گئی، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔حکام کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام الزامات کی قانونی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ابھی تک فریقین کی جانب سے عدالتی سطح پر مکمل فیصلہ سامنے نہیں آیا، اور معاملہ تفتیشی مرحلے میں ہے۔