پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
فہد شیخ نے انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادھورا سچ ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے اور وائرل کی جانے والی ویڈیو کے ذریعے ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب سید محمد احمد نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں نام لیے بغیر ایک کم عمر اداکار کی جانب سے شوٹنگ کے دوران مبینہ تذلیل کا ذکر کیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر اس واقعے کو فہد شیخ سے منسوب کیا گیا اور ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔فہد شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ماضی میں بھی متعدد ڈراموں میں سید محمد احمد کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کے درمیان ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ ان کے مطابق شوٹنگ سیٹ پر فنکار ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں، جہاں مذاق اور دوستانہ ماحول معمول کا حصہ ہوتا ہے۔اداکار نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ مذاق، جس کا آغاز بقول ان کے خود سید محمد احمد نے کیا تھا، کس مرحلے پر ایسا محسوس ہونے لگا کہ جیسے ان کے ساتھ بدسلوکی کی جا رہی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ہرگز ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
فہد شیخ نے انکشاف کیا کہ تنازع منظرِ عام پر آنے سے پہلے ہی وہ سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معذرت کر چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی ذاتی معذرت کافی نہیں تھی تو وہ عوامی سطح پر بھی سینئر اداکار سے معذرت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ان کے خلاف کوئی رنجش نہیں رکھیں گے۔اداکار نے مزید کہا کہ وہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے جنہوں نے ان کے بقول ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔دوسری جانب سید محمد احمد نے بھی انسٹاگرام پر جاری بیان میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ ساتھی فنکاروں کی جانب سے ملنے والی محبت، فون کالز، پیغامات اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھی فنکاروں کی حمایت نے انہیں حوصلہ دیا اور وہ سب کے شکر گزار ہیں