لندن: برطانوی کامیڈین اور بچوں کی مقبول کتابوں کے مصنف ڈیوڈ ولیمز کو متعدد خواتین کی جانب سے جنسی بدسلوکی کے الزامات کا سامنا ہے، جن میں مبینہ واقعات کے وقت کم عمر لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا اداروں نے عدالتی پابندی کی درخواست مسترد ہونے اور اپیل کی مدت ختم ہونے کے بعد اپنی تحقیقاتی رپورٹس شائع کردی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے آئی ٹی وی نیوز اور اخبار دی گارڈین نے ڈیوڈ ولیمز کا نام ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے ان الزامات کی اشاعت روکنے کے لیے لندن ہائی کورٹ سے حکمِ امتناع حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیوڈ ولیمز نے اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر یہ الزامات شائع کیے گئے تو وہ خودکشی کی کوشش کرسکتے ہیں۔ لندن ہائی کورٹ نے 3 نومبر کو ان کی درخواست مسترد کی تھی، تاہم عدالتی فیصلے میں ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 9 نومبر کو اپیل کی مقررہ مدت ختم ہونے پر میڈیا اداروں نے اپنی تحقیقاتی رپورٹس شائع کردیں۔
متعدد خواتین کے سنگین الزامات
اخبار دی گارڈین کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق متعدد خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیوڈ ولیمز نے اپنی شہرت اور طاقتور سماجی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں جنسی مقاصد کے لیے نشانہ بنایا۔ مبینہ متاثرین میں ایسی خواتین بھی شامل ہیں جو واقعات کے وقت نوعمر یا کم عمر تھیں۔رپورٹ میں خواتین کے الزامات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں، تاہم رائٹرز کا کہنا ہے کہ وہ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔ ڈیوڈ ولیمز کے وکیل نے بھی خبر رساں ادارے کی جانب سے تبصرے کے لیے کی گئی متعدد درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ولیمز نے تحقیقاتی صحافیوں کو ایک ذاتی خط بھی لکھا تھا، جس میں انہوں نے اپنے خلاف الزامات مسترد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد کے ساتھ غیر رسمی تعلقات کے دوران انہوں نے کبھی کبھار غیر محتاط رویہ ضرور اختیار کیا، لیکن انہوں نے اپنی شہرت یا طاقت کا ناجائز استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے خود کو جنسی استحصال کرنے والا شخص قرار دینے سے بھی انکار کیا۔
عدالت نے درخواست کیوں مسترد کی؟
ڈیوڈ ولیمز کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الزامات کی اشاعت سے ان کی ذہنی صحت اور زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق بچپن کے گہرے صدمات سے جڑی شرمندگی اور میڈیا ٹرائل کا خوف ان کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔عدالتی فیصلے کے خلاصے کے مطابق جج میتھیو نکلن نے تسلیم کیا کہ ولیمز پہلے سے ذہنی صحت کے سنگین مسائل اور خودکشی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے دوچار تھے۔ جج نے یہ بھی قرار دیا کہ الزامات کی اشاعت ان کی زندگی کے لیے خطرہ پیدا کرسکتی ہے، تاہم خودکشی کو ناگزیر قرار نہیں دیا جاسکتا۔عدالت کے مطابق ڈیوڈ ولیمز کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری متعلقہ ذہنی صحت کی خدمات پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ عدالت پر۔ دوسری جانب میڈیا اداروں اور ان کے وکلا نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کسی شخص کی ذہنی صحت کو بنیاد بنا کر خبروں کی اشاعت روکنے کا حکم آزادیٔ اظہار کے لیے تشویش ناک مثال بن سکتا ہے۔
کامیڈی سے بچوں کی کتابوں تک شہرت کا سفر
ڈیوڈ ولیمز نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں میٹ لوکاس کے ساتھ کامیڈی پروگرام لٹل برطین کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بچوں کے لیے کتابیں لکھنا شروع کیں اور ان کی تصانیف کو عالمی سطح پر مقبولیت حاصل ہوئی۔ان کی کتابوں کی دنیا بھر میں 6 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ ان کی معروف کتابوں میں دی بوائے اِن دی ڈریس اور گینگسٹا گرینی شامل ہیں۔وہ مشہور ٹی وی پروگرام برٹینز گاٹ ٹیلنٹ میں جج کے فرائض بھی انجام دیتے رہے، تاہم 2022 میں پروگرام کے دوران امیدواروں کے بارے میں ان کے نامناسب تبصرے منظرِ عام پر آنے کے بعد انہوں نے شو چھوڑ دیا تھا اور اپنے تبصروں پر معذرت بھی کی تھی۔
پبلشر بھی نئی کتابیں شائع کرنے سے انکار کرچکا
اس سے قبل دسمبر 2025 میں برطانوی پبلشنگ ادارے ہارپر کولنز نے اعلان کیا تھا کہ وہ ڈیوڈ ولیمز کی نئی کتابیں شائع نہیں کرے گا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا تھا جب اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے پبلشنگ ادارے کی جانب سے اپنی بعض جونیئر خواتین ملازمین کو ہراساں کیے جانے کے الزامات سے متعلق تحقیقات کی خبر شائع کی تھی۔