پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نعیمہ بٹ نے ہدایت کارہ اور اداکارہ سنگیتا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فلم "مکھو" سے علیحدگی کی اصل وجہ بیان کر دی۔
سنگیتا نے دعویٰ کیا تھا کہ نعیمہ بٹ کو فلم سے ان کے رویے اور مختلف مطالبات کی وجہ سے الگ کیا گیا۔ تاہم نعیمہ بٹ نے اس مؤقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصروف شیڈول کے باعث اس منصوبے کا حصہ نہیں بن سکیں، جبکہ جن باتوں کو مطالبات کہا جا رہا ہے، وہ دراصل ہدایت کار کی درخواست پر دی گئی تجاویز تھیں۔نعیمہ بٹ نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ مشی خان کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور لکھا، "آپ سب کی محبت کا شکریہ، یہ جواب آپ سب کے لیے ہے، عزت کریں۔"اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے فلم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نیک نیتی سے تجاویز پیش کی تھیں۔ انہوں نے پیشگی رقم کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان کے پاس شوٹنگ کی تاریخیں دستیاب نہیں تھیں، اس لیے انہوں نے ٹوکن کی رقم واپس کر دی تھی، جو پہلی ملاقات میں انہیں دی گئی تھی۔نعیمہ بٹ نے اپنے بیان کے اختتام پر سنگیتا کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی انہیں اپنی سینئر سمجھتی ہیں، تاہم ان کے کام کرنے کا انداز مختلف ہے، اور انہوں نے سنگیتا اور فلم "مکھو" کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔