امریکی ریپر شان ڈِڈی کومبز کو خواتین پر بدسلوکی اور جسم فروشی کے الزامات میں قید کی سزا

امریکی ریپر شان ڈِڈی کومبز کو خواتین پر بدسلوکی اور جسم فروشی کے الزامات میں قید کی سزا

نیویارک: امریکی ریپر اور کاروباری شخصیت شان ڈِڈی کومبز کو خواتین پر بدسلوکی اور جسم فروشی سے متعلق الزامات میں چار سال اور چند ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

نیویارک کی فیڈرل عدالت کے جج ارون سبرامنیئن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 55 سالہ کومبز نے اپنی دو سابق گرل فرینڈز، ساندرا وینچورا اور جین، کو برسوں ذہنی اور جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا۔ جج کے مطابق یہ محض تفریح یا منشیات کا معاملہ نہیں تھا بلکہ "غلامی اور ذلت کا ایک نظام" تھا، جس نے متاثرہ خواتین کو خودکشی کے قریب پہنچا دیا۔ سزا کے دوران کومبز عدالت میں خاموش کھڑے رہے۔یاد رہے کہ کومبز کو جولائی 2024 میں مجرم قرار دیا گیا تھا کہ انہوں نے مرد جسم فروشوں کو بلا کر منشیات کے زیرِ اثر اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ جنسی تعلقات پر مجبور کیا، تاہم انہیں ریکیٹنگ اور سیکس ٹریفکنگ جیسے سنگین الزامات سے بری کر دیا گیا۔

شان ڈِڈی کومبز ستمبر 2024 سے حراست میں ہیں اور قید کا یہ وقت سزا میں شمار ہوگا، جس کے بعد وہ تقریباً تین سال میں رہا ہو سکتے ہیں۔ سزا سے قبل انہوں نے متاثرہ خواتین سے معافی مانگی، جبکہ ان کے وکیل نے فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا۔